(ویب ڈیسک )وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس لغاری نے واضح کیا ہے کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لیے جدید ترین الیکٹرانک پاور مانیٹرنگ سسٹم (EPMS) نافذ کیا جا رہا ہے، جس کی مدد سے اب پورے فیڈر کو بند کیے بغیر صرف بجلی چوری والے مخصوص ٹرانسفارمرز کو خودکار طریقے سے بند کیا جا سکے گا۔
ڈی جی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ یہ ائیرپورٹ کوبین الاقوامی پروازوں کیلئے اپ گریڈکیا جارہا ہے، ائیرپورٹ توسیعی منصوبہ ساڑھے 5 ارب روپےلاگت سے جنوری2028 میں مکمل ہوگا۔ ڈی جی خان میں وزیراعظم کےاعلان کردہ چار بڑے ترقیاتی منصوبوں پرکام جاری ہے، کینسراسپتال، سیوریج اور سڑکوں کی کشادگی کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
اویس لغاری نے کہا کہ ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ طے شدہ منصوبے کے مطابق کی جارہی ہے، 30 فیصد یا اس سے زائد لائن لاسزوالے فیڈرزپرلوڈشیڈنگ جاری رہےگی، صارفین کو بھاری بھرکم بلوں سے بچایا گیا ہے لیکن بجلی چوری کرنے اور بل ادا نہ کرنے والوں کو ریلیف نہیں دیا جائےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران امریکاجنگ کے باعث گیس کی قلت سے بجلی کی پیداوار مہنگی ہورہی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی نے مزید کہا کہ بجلی چوری والے علاقوں میں ٹرانسفارمرز بندکرنےکیلئے ای پی ایم ایس نصب کیا جارہا ہے، الیکٹرونک پاور مانیٹرنگ سسٹم سے متعلقہ ٹرانسفارمرزبندکیے جائیں گے، ای پی ایم ایس کے نفاذ سے بجلی چوری والے علاقوں میں فیڈرکے دیگرصارفین متاثر نہیں ہوں گے۔