خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی قرارداد منظور، حق میں 214 اور مخالفت میں 56 ووٹ 

 خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی قرارداد منظور، حق میں 214 اور مخالفت میں 56 ووٹ 
کیپشن:  خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی قرارداد منظور، حق میں 214 اور مخالفت میں 56 ووٹ 

ویب ڈیسک: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق سے متعلق قرارداد منظور کر لی۔ قرارداد کے حق میں 214 جبکہ مخالفت میں 56 ارکان نے ووٹ دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے قرارداد پیش کی۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم کے ارکان نے قرارداد کی حمایت کی، جبکہ اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے ’’گورنر راج نامنظور‘‘ کے نعرے لگائے۔

ایمرجنسی سے متعلق صدر مملکت کا اعلان آئین کے آرٹیکل 232 کی شق 7، جبکہ گورنر راج سے متعلق دستاویزات آرٹیکل 234 کی شق 3 کے تحت مشترکہ اجلاس میں پیش کی گئیں۔

اپوزیشن کی جانب سے ووٹوں کی گنتی کا مطالبہ کیا گیا، جس پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بھی گنتی کرانے کی حمایت کی۔ گنتی مکمل ہونے پر قرارداد کے حق میں 214 اور مخالفت میں 56 ووٹ آئے۔

اجلاس میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔ قرارداد کی منظوری کے بعد ایوان میں اس معاملے پر بحث کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

Watch Live Public News