کراچی میں 6 ادویات کے 11 بیچز جعلی اور غیر معیاری قرار، ڈریپ کا الرٹ جاری

کراچی میں 6 ادویات کے 11 بیچز جعلی اور غیر معیاری قرار، ڈریپ کا الرٹ جاری
کیپشن: کراچی میں 6 ادویات کے 11 بیچز جعلی اور غیر معیاری قرار، ڈریپ کا الرٹ جاری

ویب ڈیسک: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان ( ڈریپ) نے کراچی کی مارکیٹوں میں دستیاب 6 ادویات کے 11 بیچز کو جعلی یا غیر معیاری قرار دیتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ڈریپ کے مطابق سینٹرل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے ادویات کے 6 نمونوں کو جعلی قرار دیا، جبکہ بیکٹیریل انفیکشن کے علاج میں استعمال ہونے والی 4 ادویات کے غیر معیاری ہونے کی نشاندہی کی گئی۔ غیر معیاری اسٹرائل واٹر کی فراہمی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

الرٹ کے مطابق ایکسوران 500 ملی گرام اور ایک گرام انجکشن کے 2 بیچز، جبکہ ایگزٹ 500 ملی گرام اور ایک گرام انجکشن کے 6 بیچز جعلی قرار دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ درد اور سوزش کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی بریکسن ٹیبلٹ کا بیچ نمبر W68C بھی جعلی قرار دیا گیا ہے۔ یہ گولیاں ملٹی نیشنل دوا ساز کمپنی جی ایس کے کے نام سے تیار کی گئی تھیں۔

ڈریپ نے بتایا کہ مذکورہ جعلی اور غیر معیاری ادویات کراچی کی سٹی فارما لیبارٹریز سے تیار کردہ ہیں۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ ان ادویات کا استعمال صحت کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔

ڈریپ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ مارکیٹوں سے مذکورہ ادویات فوری طور پر ضبط کی جائیں۔

Watch Live Public News