ویب ڈیسک: موسم کی تبدیلی کے ساتھ کراچی میں انفلوئنزا کے کیسز میں اضافہ رپورٹ ہونے لگا ہے، سرکاری اور نجی اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
ماہرِ امراضِ سینہ پروفیسر ڈاکٹر جاوید خان کے مطابق انفلوئنزا ہر عمر کے افراد کو متاثر کرسکتا ہے، تاہم بزرگوں، بچوں اور پہلے سے کسی بیماری میں مبتلا افراد کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔
ماہرین کے مطابق انفلوئنزا کی عام علامات میں بخار، سردرد، کپکپاہٹ، نزلہ زکام، خشک کھانسی اور جسم و پٹھوں میں درد شامل ہیں، جبکہ بچوں میں شدید انفیکشن کی صورت میں متلی، الٹی اور اسہال بھی ہوسکتا ہے۔
ماہرین صحت نے ہدایت کی ہے کہ علامات ظاہر ہونے کی صورت میں دوسروں سے فاصلہ رکھا جائے، ہاتھ بار بار دھوئے جائیں اور صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ خود سے دوا لینے کے بجائے ڈاکٹر سے رجوع کرنا بھی ضروری ہے۔