الرجی اور نزلہ زکام کی دوا کے مخصوص بیچز پر پابندی، مارکیٹ سے واپس منگوانے کا حکم

الرجی اور نزلہ زکام کی دوا کے مخصوص بیچز پر پابندی، مارکیٹ سے واپس منگوانے کا حکم
کیپشن: الرجی اور نزلہ زکام کی دوا کے مخصوص بیچز پر پابندی، مارکیٹ سے واپس منگوانے کا حکم

ویب ڈیسک: محکمہ صحت حکومت پنجاب اور ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگز کنٹرول نے الرجی اور نزلہ زکام کے لیے استعمال ہونے والی دوا Citraclor کے مخصوص بیچز کو غیر معیاری قرار دیتے ہوئے میڈیکل الرٹ جاری کردیا۔

محکمہ صحت کے مطابق یہ کارروائی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری پنجاب کی رپورٹ کی روشنی میں کی گئی، جس میں دوا کے نمونوں کے تجزیے کے دوران عضویاتی ناپائیداری اور آلائشوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی ہے۔

الرجی اور نزلہ زکام کے لیے استعمال ہونے والی Citraclor (Cetirizine Dihydrochloride 10mg) میسرز آرسنز فارماسیوٹیکل انڈسٹریز، لاہور کی تیار کردہ دوا ہے۔

میڈیکل الرٹ کے مطابق 38126، 37826، 37726، 38026 اور 37926 بیچ نمبرز کو غیر معیاری قرار دیا گیا ہے۔ ان تمام بیچز کی میعاد مارچ 2028 تک ہے۔

حکام نے ملک بھر کے میڈیکل اسٹورز، فارمیسیوں، اسپتالوں اور ہول سیلرز کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ بیچز کی فروخت فوری طور پر روک دی جائے اور دستیاب اسٹاک کی تفصیلات متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کو فراہم کی جائیں۔

الرٹ میں مذکورہ دوا کے متاثرہ بیچز کو مارکیٹ سے فوری طور پر واپس منگوانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

حکام نے شہریوں اور مریضوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ Citraclor کے مذکورہ بیچز کا استعمال نہ کریں اور اگر ان کے پاس یہ دوا موجود ہے تو اسے استعمال کرنے سے قبل ڈاکٹر یا فارماسسٹ سے مشورہ کریں۔

Watch Live Public News