گنج پن کے علاج میں اہم پیش رفت، نئی دوا سے بالوں کی دوبارہ نشوونما کے حوصلہ افزا نتائج

گنج پن کے علاج میں اہم پیش رفت، نئی دوا سے بالوں کی دوبارہ نشوونما کے حوصلہ افزا نتائج
کیپشن: گنج پن کے علاج میں اہم پیش رفت، نئی دوا سے بالوں کی دوبارہ نشوونما کے حوصلہ افزا نتائج

ویب ڈیسک: دنیا بھر میں گنج پن سے متاثر افراد علاج پر اربوں ڈالر خرچ کرتے ہیں، تاہم اب ایک نئی تحقیق میں ایسی دوا کے استعمال سے بالوں کی نشوونما بحال ہونے کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں جو بنیادی طور پر جوڑوں کی بیماریوں کے علاج کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

جرنل JAMA Dermatology میں شائع تحقیق کے مطابق ایلوپیشیا ایریاٹا (Alopecia Areata) کے مریضوں میں upadacitinib نامی دوا کے استعمال سے بالوں کی نشوونما میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔

ایلوپیشیا ایریاٹا ایک خودکار مدافعتی بیماری ہے جس میں جسم کا مدافعتی نظام غلطی سے بالوں کی جڑوں پر حملہ کرتا ہے، جس کے نتیجے میں سر یا جسم کے دیگر حصوں سے بال گول شکل میں جھڑنے لگتے ہیں۔

تحقیق میں شمالی امریکا، یورپ اور چین سے ایسے مریضوں کو شامل کیا گیا جن کے سر کے بیشتر حصے سے بال جھڑ چکے تھے۔ دو کلینیکل ٹرائلز میں مریضوں کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا، جنہیں روزانہ 15 ملی گرام، 30 ملی گرام upadacitinib یا پلیسبو دیا گیا۔

24 ہفتوں تک جاری رہنے والے جائزے میں دوا استعمال کرنے والے مریضوں میں بالوں کی نشوونما میں نمایاں بہتری دیکھی گئی، جبکہ بعض مریضوں کے بال تقریباً مکمل طور پر واپس آگئے۔

محققین کے مطابق upadacitinib مدافعتی نظام کے ان سگنلز کو روکتی ہے جو سوزش پیدا کرنے اور بالوں کی جڑوں پر حملے کا باعث بنتے ہیں، جس سے بالوں کی دوبارہ نشوونما میں مدد مل سکتی ہے۔

تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نتائج حوصلہ افزا ضرور ہیں لیکن مزید تحقیق ضروری ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ علاج سے حاصل ہونے والی بالوں کی نشوونما کتنے عرصے تک برقرار رہتی ہے اور دوا کے طویل مدتی مضر اثرات کیا ہوسکتے ہیں۔

محققین کے مطابق موجودہ نتائج ابتدائی ہیں، تاہم ایلوپیشیا ایریاٹا کے علاج کے لیے ایک اہم پیش رفت کی امید ضرور پیدا ہوئی ہے۔

Watch Live Public News