پاکستان نے زلمے خلیل زاد کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیدیا

پاکستان نے زلمے خلیل زاد کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیدیا
کیپشن: پاکستان نے زلمے خلیل زاد کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیدیا

ویب ڈیسک: پاکستان نے سابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کے اس الزام کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دے کر مسترد کر دیا ہے کہ اسلام آباد سابق افغان اہلکاروں کو طالبان حکومت کے خلاف مسلح کر رہا ہے۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ الزامات قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں اور پاکستان کی انسدادِ دہشتگردی کارروائیوں کو غلط رنگ دینے کی کوشش ہیں۔

بیان کے مطابق پاکستان افغانستان سے سرگرم دہشتگرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے کر رہا ہے، نہ کہ افغان شہریوں کو مسلح کرنے یا افغانستان میں مسلح گروہوں کی سرپرستی کے لیے۔

وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی مختلف رپورٹس میں افغانستان میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور القاعدہ سمیت دہشتگرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

پاکستان نے افغان طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کی ذمہ داری پوری کرے۔

Watch Live Public News