(ویب ڈیسک) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت اور سفری روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ایک اہم ڈائیورشن پلان جاری کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق 15 اکتوبر 2026ء تا اگلے حکمِ ثانی راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک تک سڑک دونوں اطراف سے مکمل طور پر بند رہے گی، جس کے پیشِ نظر شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جی فائیو، سیکریٹریٹ اور سرینا ہوٹل سے راولپنڈی جانے والےشہری سری نگر ہائی وے اور نائنتھ (9th) ایونیو کا روٹ استعمال کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ سری نگر ہائی وے سے براستہ مہرآباد پشاور روڈ کا راستہ بھی اختیار کیا جا سکتا ہے۔یا پھر لیک ویو یوٹرن سے واپس مری روڈ یا کلب روڈ کا انتخاب کریں۔
راول ڈیم چوک، پارک روڈ اور لہتراڑ روڈ کے مسافرسری نگر ہائی وے سے سیونتھ (7th) ایونیو، شکرپڑیاں روڈ، ٹیولپ ہوٹل روڈ اور راول ڈیم روڈ استعمال کریں۔
مری اور بہارہ کہو جانے والے مسافربراستہ فیض آباد، فیصل ایونیو، زیرو پوائنٹ، سری نگر ہائی وے انڈرپاس، جناح اسکوائر اور کوںڑائیاں والا چوک سے ہوتے ہوئے بہارہ کہو اور مری جا سکتے ہیں۔
راولپنڈی سے وفاقی دارالحکومت میں داخلے کے لیے نائنتھ (9th) ایونیو، فقیر ایپی روڈ اور سری نگر ہائی وے کا استعمال کریں۔
پارک روڈ، لہتراڑ روڈ سے اسلام آباد آنے والے حضرت ٹیولپ ہوٹل روڈ، گارڈن ایونیو، شکرپڑیاں روڈ، 7th ایونیو استعمال کریں۔
سی ٹی او اسلام آباد کے مطابق ڈائیورشنز کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی قدرے متاثر ہو سکتی ہے، لہٰذا شہری کسی بھی قسم کی زحمت سے بچنے کے لیے گھر سے 20 سے 25 منٹ کا اضافی وقت نکال کر سفر کریں۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی سہولت کے لئے موجود ہیں۔