فیصل مسجد کو ڈرون حملے کا نشانہ بنانے کی AI ویڈیو فتنہ الخوارج کی اسلام اور پاکستان دشمن ذہنیت کا کھلا ثبوت ہے: علماء و مشائخ

فیصل مسجد کو ڈرون حملے کا نشانہ بنانے کی AI ویڈیو فتنہ الخوارج کی اسلام اور پاکستان دشمن ذہنیت کا کھلا ثبوت ہے: علماء و مشائخ
کیپشن: فیصل مسجد کو ڈرون حملے کا نشانہ بنانے کی AI ویڈیو فتنہ الخوارج کی اسلام اور پاکستان دشمن ذہنیت کا کھلا ثبوت ہے: علماء و مشائخ

ویب ڈیسک: پاکستان کے مختلف مکاتبِ فکر کے علماء و مشائخ پیر نقیب الرحمن، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، مفتی عبدالرحیم، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، عرفان واصفی، علامہ آصف میر، مولانا محمد حسین اکبر، مفتی کریم خان، مفتی رمضان سیالوی، مولانا زاہد منصور اور مولانا طیب قریشی نے فتنہ الخوارج سے منسوب اس AI ویڈیو کی شدید مذمت کی ہے جس میں اسلام آباد کی فیصل مسجد کو ڈرون حملے کا نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

علماء و مشائخ نے کہا کہ فیصل مسجد کو نشانہ بنانے کا تصور ہی اس فتنے کا اصل چہرہ بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔ جو گروہ اسلام اور جہاد کا نام لے کر مسجد، نمازی، بے گناہ انسان اور قومی و دینی مقدسات کو نشانہ بنانے کی سوچ رکھتا ہو، اس کا اسلام اور جہاد سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج دراصل اسلام کے نام پر اسلام کو بدنام کرنے، مسلمانوں کو قتل کرنے اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کا ایجنڈا رکھتا ہے۔ فیصل مسجد سے متعلق یہ AI ویڈیو ان کے اسی مکروہ اور مجرمانہ ذہن کی عکاسی کرتی ہے۔

علماء و مشائخ نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ مساجد پر حملہ، بے گناہوں کا قتل، خودکش حملے اور خوف و دہشت پھیلانا نہ جہاد ہے، نہ اسلام؛ یہ کھلی دہشت گردی اور فساد فی الارض ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام مکاتبِ فکر کے علماء پہلے بھی واضح کر چکے ہیں اور آج پھر اعلان کرتے ہیں کہ فتنہ الخوارج کا بیانیہ باطل، گمراہ کن اور اسلامی تعلیمات کے سراسر خلاف ہے۔

قوم سے اپیل کی گئی کہ دہشت گردوں کی AI پروپیگنڈا جنگ سے مرعوب نہ ہو، ان کے مواد کو پھیلانے سے گریز کرے اور ریاست، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ متحد ہو کر دہشت گردی کے اس فتنے کو شکست دے۔

علماء و مشائخ نے کہا کہ پاکستان کی مساجد، مقدسات اور عوام کے خلاف اٹھنے والا ہر ہاتھ قانون اور قومی اتحاد کی طاقت سے روکا جائے گا۔

Watch Live Public News