(ویب ڈیسک) تھانہ اروپ کی حدود میں ولیمے کی خوشیاں اس وقت ماتم میں تبدیل ہو گئیں جب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے تقریب سے گھر واپس جانے والی دلہن کو گاڑی میں اندھا دھند فائرنگ کر کے بے دردی سے قتل کر دیا۔
یہ دل دہلا دینے والا واقعہ سمن آباد چونگی کے قریب اس وقت پیش آیا جب ولیمہ کی تقریب ختم ہونے کے بعد دلہا دلہن کار میں سوار ہو کر گھر واپس جا رہے تھے۔
راستے میں گھات لگائے موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان نے ان کی گاڑی کو روکا اور کار کے اندر ہی دلہن پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں۔
ایف آئی آر کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دلہن کے سینے اور پیٹ میں متعدد گولیاں لگیں۔ شدید زخمی دلہن کو فوری طبی امداد کے لیے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئی۔
مدعی مقدمہ کے مطابق نامزد ملزم سرفراز مقتولہ صبا سے شادی کرنا چاہتا تھا، لیکن لڑکی کے اہلِ خانہ کی جانب سے انکار کردیا گیا تھا۔
واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اروپ پولیس اور تفتیشی ٹیموں نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔