پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں 13 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

 پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں 13 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
کیپشن:  پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں 13 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

ویب ڈیسک: پاکستان میں دو روزہ منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے دوران معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری، تلاش اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق 13 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔

اسلام آباد میں منعقدہ فورم کے اختتام پر حکام نے بتایا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی پاکستان کے معدنی وسائل میں دلچسپی بڑھ رہی ہے، تاہم سیکیورٹی چیلنجز بدستور ایک اہم مسئلہ ہیں۔

آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور فورم کے صدر احمد حیات لک کے مطابق معاہدوں میں معدنی ذخائر کی تلاش، سرمایہ کاری، جیولوجیکل سروے اور موجودہ مائننگ لائسنسز سے متعلق امور شامل ہیں۔ بعض معاہدوں کے نتیجے میں نئے ٹھیکے بھی دیے جاسکتے ہیں۔

فورم میں یورپی یونین، کینیڈا، امریکا اور چین سمیت مختلف ممالک کی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور حکومتی نمائندوں نے شرکت کی۔ برطانیہ اور جرمنی کے ساتھ پاکستان کے جیولوجیکل سروے کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے معاہدے بھی کیے گئے۔

احمد حیات لک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے قانونی اور ریگولیٹری نظام کو یکساں اور مؤثر بنانے پر کام کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ اب اصل چیلنج پاکستان کے معدنی وسائل کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال فورم میں نمائش کا رقبہ گزشتہ سال کے مقابلے میں چار گنا بڑھ گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ پاکستان سے صرف خام معدنیات برآمد کرنے کے بجائے ملک میں ہی ان کی پروسیسنگ اور تیاری کی صنعتیں قائم کی جائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معدنیات کی تلاش، پروسیسنگ اور مصنوعات کی تیاری پاکستان میں ہونی چاہیے تاکہ عالمی منڈیوں میں تیار مصنوعات برآمد کی جاسکیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی سرمایہ کاروں، ملازمین اور معدنیاتی منصوبوں کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

فورم میں ریکوڈک منصوبے پر بھی گفتگو ہوئی۔ بیرک مائننگ کے عالمی چیئرمین جان تھورنٹن نے دو روزہ فورم میں شرکت کی۔ احمد حیات لک کے مطابق بیرک مائننگ اور پاکستان ریکوڈک منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اپنے وسیع معدنی ذخائر کو غیر ملکی سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کا ذریعہ بنانا چاہتا ہے، تاہم بلوچستان میں سیکیورٹی خدشات عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہیں۔

 

Watch Live Public News