ویب ڈیسک: گودی میڈیا ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم سے پاکستان مخالف بیان دلوانے میں ناکام ہو گیا۔
بھارتی چینل این ڈی ٹی وی کے صحافی وشنو سوم کے پاکستان مخالف سوال پر ملائیشین وزیراعظم نے کرارا جواب دیتے ہوئے پاکستان پر دہشت گردی کے بے بنیاد الزام مسترد کر دیے۔ بھارتی صحافی نے پہلگام واقعہ کا حوالہ دے کر پاکستان کو نشانہ بنانے کی چال چلی لیکن انور ابراہیم کے دوٹوک موقف نے اُن کو لاجواب کر دیا۔
ملائیشین وزیراعظم نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ انڈیا میں یہ کہنا کتنا مشکل ہے، مگر آپکے پاکستان کے ساتھ معاملات بات چیت سے بہتر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں مودی کا دوست ہوں مگر پاکستان کے خلاف ریاستی دہشتگردی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ بحیثیت وزیراعظم ان حقائق پر بات کر سکتا ہوں ، جوہمارے ریاستی اداروں نے دیئے ہیں۔ ملائیشین اداروں نے پاکستان کے خلاف ریاستی دہشتگردی کی کوئی رپورٹ نہیں دی
بھارتی اینکر نے اسرائیل کے بعد پاکستان پر وہی الزام لگانا چاہا لیکن انور ابراہیم نے موازنہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہےجبکہ پاکستان ایک اچھا دوست ملک ہے۔ بھارتی میڈیا کا وار خالی گیا، انور ابراہیم نے پاکستان کے خلاف الزام تسلیم کرنے کے بجائے ثبوت کا مطالبہ کردیا ۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ بغیر ثبوت کے الزامات عائد کرنا بھارت کا پرانا وطیرہ، ماضی میں بھی خود ساختہ واقعات کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کا سچ بے نقاب ہو چکا ہے ۔ بغیر تحقیق اور ثبوت کے پاکستان پر کیچڑ اچھالنے کی بھارتی سیاست دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگئی ہے۔ تجزیہ کاروں نے انور ابراہیم کے نپے تلے اور مدلل جوابات کی تعریف کی، اور اسے بھارتی میڈیا کے مخصوص بیانیے کی ناکامی قرار دیا۔