ویب ڈیسک: بالی ووڈ کی مقبول فلم سیریز ’منا بھائی‘ کے تیسرے حصے پر کام آگے بڑھنے لگا، فلمساز راج کمار ہیرانی نے اسکرپٹ کی تیاری کے لیے فرہاد سامجی کو ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرہاد سامجی فلم کا اسکرین پلے لکھ رہے ہیں اور اسکرپٹ جلد مکمل ہونے کی توقع ہے، جبکہ فلم کی شوٹنگ 2027 میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
فلم میں سنجے دت ایک بار پھر منا بھائی اور ارشد وارثی سرکٹ کے کردار میں نظر آ سکتے ہیں۔ دونوں اداکار آخری مرتبہ 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم ’لگے رہو منا بھائی‘ میں ایک ساتھ دکھائی دیے تھے۔
راج کمار ہیرانی کے مطابق فلم کی کہانی کو پچھلی دونوں فلموں کے معیار کے مطابق بنانے میں مشکلات پیش آ رہی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مضبوط کہانی کے بغیر فلم آگے نہیں بڑھائی جا سکتی۔
ارشد وارثی بھی انکشاف کر چکے ہیں کہ فلم کے لیے تین نامکمل اسکرپٹس موجود ہیں، تاہم ابھی تک ان میں ایسی مرکزی کہانی نہیں مل سکی جو تمام کرداروں کو مؤثر انداز میں جوڑ سکے۔
تاحال فلم کی شوٹنگ یا ریلیز کی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔