ویب ڈیسک: قائداعظم ٹرافی 2026-27 کے افتتاحی راؤنڈ کے دوسرے روز پشاور کے کپتان محمد رضوان نے شاندار ڈبل سنچری اسکور کی، جس کی بدولت پشاور نے فیصل آباد کے خلاف پہلی اننگز 503 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔
محمد رضوان نے 252 گیندوں پر ناقابلِ شکست 200 رنز بنائے، جبکہ نجاب خان نے 133 رنز کی اننگز کھیلی۔ جواب میں فیصل آباد نے دن کے اختتام تک 2 وکٹوں پر 118 رنز بنالیے۔
دوسری جانب فاٹا نے لاہور وائٹس کے خلاف پہلی اننگز میں 128 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ فاٹا نے 362 رنز بنائے، جس میں ڈیبیو کرنے والے فواد ارشد کی 115 رنز کی سنچری شامل تھی۔ حماد عزیز نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں لاہور وائٹس کی ٹیم 234 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جبکہ فاٹا نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 22 رنز بنالیے۔
راولپنڈی میں ملتان نے اسلام آباد کے 215 رنز کے جواب میں 7 وکٹوں پر 249 رنز بنا کر 34 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ عمران رفیق 93 اور شارون سراج 82 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ادھر کراچی بلیوز نے سیالکوٹ بلیوز کے خلاف پہلی اننگز میں 280 رنز بنا کر 39 رنز کی برتری حاصل کی۔ محمد غازی غوری نے 88 رنز اسکور کیے۔ جواب میں سیالکوٹ نے دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 13 رنز بنالیے تھے۔