ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلے مرحلے کے لیے 7 فروری 2027 کی تاریخ مقرر کردی ہے۔
اس سے قبل پنجاب حکومت نے دسمبر میں انتخابات کرانے کی تجویز دی تھی، تاہم بعد میں دھند، سرد موسم اور انتخابی انتظامات کے لیے مزید وقت درکار ہونے کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے تاریخ میں توسیع کی درخواست کردی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے چار رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نے مؤقف اختیار کیا کہ انتخابی تیاریوں کے لیے دو ماہ درکار ہیں اور 20 جنوری کے بعد پولنگ کرائی جائے۔
چیف سیکرٹری کے مطابق دسمبر اور جنوری میں دھند اور سرد موسم کے باعث انتخابی عمل متاثر ہوسکتا ہے، جبکہ اپریل میں دن بڑا ہونے اور موسم بہتر ہونے کے باعث ووٹرز کے لیے پولنگ میں حصہ لینا آسان ہوتا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن پنجاب حکومت کی 20 جنوری کے بعد انتخابات کرانے کی درخواست پر غور کرے گا، جس کے بعد حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔