زمبابوے کا ٹاس جیت کر افغانستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بیٹنگ کا فیصلہ، پاکستانی نژاد انٹم نقوی کا ڈیبیو

زمبابوے کا ٹاس جیت کر افغانستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بیٹنگ کا فیصلہ، پاکستانی نژاد انٹم نقوی کا ڈیبیو
کیپشن: زمبابوے کا ٹاس جیت کر افغانستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بیٹنگ کا فیصلہ، پاکستانی نژاد انٹم نقوی کا ڈیبیو

ویب ڈیسک: شارجہ میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں زمبابوے نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میچ میں پاکستان نژاد 27 سالہ انٹم نقوی اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کر رہے ہیں۔

 نقوی فرسٹ کلاس کرکٹ میں 60.35 کی شاندار بیٹنگ اوسط رکھتے ہیں۔ 27 سالہ انٹم نقوی نے 2023-24 کے سیزن میں شاندار کارکردگی سے شہرت حاصل کی، جب انہوں نے ہرارے میں مڈ ویسٹ رائنو کی جانب سے ٹسکرز کے خلاف ناقابلِ شکست 300 رنز بنائے۔ وہ لوگن کپ کی تاریخ میں ٹرپل سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بنے، جبکہ زمبابوے کی سرزمین پر فرسٹ کلاس کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے بھی واحد مقامی کھلاڑی ہیں۔

انٹم نقوی اب تک فرسٹ کلاس کرکٹ میں 1,871 رنز بنا چکے ہیں، جس میں ان کی اوسط 60.35 ہے۔ وہ 34 اننگز میں 14 نصف سنچریاں یا اس سے بڑی اننگز کھیل چکے ہیں۔

بیٹنگ کے ساتھ وہ آف اسپن بولنگ میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔ 24 میچز میں 62 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جبکہ ان کی بولنگ اوسط 26.66 ہے۔ لسٹ اے اور ٹی 20 کرکٹ میں بھی ان کی کارکردگی قابلِ ذکر رہی ہے۔

زمبابوے نے انہیں 2024 میں بھارت کے خلاف ہوم ٹی 20 سیریز اور گزشتہ سال افغانستان کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں بھی شامل کیا تھا، تاہم انہیں کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ اب افغانستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ان کی شمولیت کے بعد ٹیسٹ ڈیبیو ہوا ہے۔

زمبابوے کے کپتان برائن بینیٹ کا کہنا ہے کہ پچ پر میچ کے دوران دراڑیں پڑ سکتی ہیں، اس لیے ابتدائی سیشن اہم ہوگا۔ دوسری جانب افغان کپتان رحمت شاہ نے کہا کہ وہ بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، تاہم پہلے بولنگ کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم اچھی فارم میں ہے اور کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔

افغانستان کی پلیئنگ الیون:
صدیق اللہ اتل، عبدالمالک، شاہداللہ، رحمت شاہ (کپتان)، حشمت اللہ شاہدی، اکرام علی خیل (وکٹ کیپر)، رحمان اللہ، قیس احمد، ضیاء الرحمٰن، ضیاء الرحمان اور محمد سلیم۔

زمبابوے کی پلیئنگ الیون:
بین کرن، انوسنٹ کائیا، برائن بینیٹ (کپتان)، برینڈن ٹیلر، کریگ ایروین، انٹم نقوی، ویسلے مادھیویرے، تفاذوا تسنگا (وکٹ کیپر)، گریم کریمر، نیومن نیامہوری اور بلیسنگ موزاربانی۔

Watch Live Public News