ویب ڈیسک: سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا کہنا ہے کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق لاہور میں محفوظ بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو ہی ہو گی۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں بسنت سے قبل تمام حفاظتی انتظامات مکمل کرنے پر مشاورت کی گئی۔ محکمہ داخلہ نے انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے بسنت سے قبل ضروری حفاظتی ہدایات جاری کی ہیں۔ جس پر تمام متعلقہ محکموں کو من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سیکرٹری داخلہ کے مطابق شہر میں کسی غیر محفوظ اور ناپائیدار چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔ انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے بسنت پر چھتوں کی دیواریں اور گرِل کم از کم ساڑھے 3 فٹ بلند اور مضبوط ہونا لازم قرار دیا گیا ہے۔ بسنت پر پتنگ بازی کیلئے استعمال ہونے والی چھت کی پائیداری اور محفوظ ہونے کی ذمہ داری مالک مکان پر ہو گی۔ بسنت سے قبل اجازت یافتہ مقامات پر چھتوں، منڈیر اور سیڑھیوں کی مرمت کروائی جائے۔ عمارتوں کے مالکان 31 دسمبر 2026 تک چھتوں پر تمام حفاظتی انتظامات مکمل کریں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور پرانی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں کا مکمل معائنہ کروائیں۔ غیر تسلی بخش رپورٹ کی صورت میں ڈپٹی کمشنر کمزور عمارت اور غیر محفوظ چھت پر پتنگ بازی پر پابندی عائد کریں۔
سیکرٹری داخلہ نے مزید کہا کہ بجلی کی تاریں چھت کے قریب ہونے کی صورت میں عمارت کے مالک بسنت سے قبل انہیں محفوظ بنانے کے پابند ہوں گے۔ سٹی ٹریفک پولیس لاہور بسنت سے قبل 20 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز مفت لگائے گی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مقررہ حد کے مطابق پتنگ و ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت کیلئے رواں ماہ اجازت نامہ جاری کریں گے۔
لیسکو تمام انسٹالیشنز کو نیٹ کے ذریعے بروقت محفوظ بنائے گے۔ بسنت کے دوران پی ایچ اے شہر کے درختوں اور لیسکو کھمبوں و تاروں سے محفوظ انداز میں پتنگیں اتارنے اور تلف کرنے کے پابند ہونگے۔
بسنت کے ایام میں عمارتوں کی لفٹس کیلئے سیفٹی سرٹیفکیٹ کا حصول لازم ہے۔ بسنت کے ایام میں چھت پر آتش گیر مواد رکھنے پر پابندی ہو گی۔ پتنگ بازی کے تمام اجازت یافتہ مقامات پر ابتدائی طبی امداد کے سامان کی موجودگی لازم ہے۔ پتنگ بازی کے موقع پر بچوں کی حفاظت والدین، سرپرست اور منتظمین کی اولین ذمہ داری ہے۔ چھت پر بچوں اور دیگر شرکاء کیلئے تمام حفاظتی انتظامات یقینی بنانا مالکان اور منتظمین کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اہل علاقہ اور عوام الناس کیلئے پریشانی، ہراسگی یا غیر مہذب رویے پر سخت پابندی عائد ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ محکموں کے مجاز افسران پتنگ بازی کیلئے استعمال ہونے والی چھتوں کا جائزہ لیں گے۔ ڈپٹی کمشنر ہدایات اور قانون کے خلاف ورزی پر کسی بھی عمارت کو سیل کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔ بسنت کے موقع پر عمارت مالک اور منتظم کسی بھی حادثے، جانی نقصان، زخمی ہونے یا قانون کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ہو گا۔
سیکرٹری داخلہ کے مطابق بسنت کے موقع پر منتظمین تمام ہدایات اور قوانین پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔ عوام الناس انسانی جان کو تفریح پر فوقیت دیں اور تمام قوانین اور ہدایات کی پاسداری کی جائے۔ یاد رہے 12، 13، 14 مارچ 2027 سے قبل اور بعد ازاں پتنگ بازی پر مکمل پابندی برقرار ہوگی۔ بسنت کی مقررہ تاریخوں سے قبل اور بعد ازاں پتنگ بازی پر 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ حکومتی اجازت سے قبل پتنگوں اور ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت پر 7 سال قید اور 50 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ شہری کسی بھی غیر محفوظ، غیر قانونی اور غیر مہذب سرگرمی کی اطلاع ایمرجنسی 15 پر دیں۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، سی ٹی او لاہور، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل، ڈائریکٹر لاء، ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب کے علاوہ لیسکو، پی ایچ اے، والڈ سٹی اتھارٹی اور ایل ڈی اے سے افسران نے شرکت کی۔