پی ایس ایل 12 کا میلہ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک سجے گا

پی ایس ایل 12 کا میلہ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک سجے گا
کیپشن: پی ایس ایل 12 کا میلہ 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک سجے گا

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کردیا۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12، 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا، جبکہ مسلسل دوسری مرتبہ ایونٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

پی ایس ایل کی ونڈو گورننگ کونسل اور تمام فرنچائزز سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا گیاہے۔ پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا، جس میں 8وں فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔

پی ایس ایل 11 میں پہلی بار پلیئر ڈرافٹ کی جگہ پلیئر آکشن متعارف کرایا گیا، جبکہ فائنل میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 32 ہزار 461 تماشائیوں نے شرکت کرکے ریکارڈ قائم کیا۔

پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل 11 نے لیگ کی صلاحیت دنیا کے سامنے ثابت کی، جبکہ شاندار مقابلوں، ریکارڈ کراؤڈ اور براڈکاسٹ کے نئے ریکارڈز نے ایونٹ کو یادگار بنایا۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کہا کہ 2027 میں شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی، جبکہ دنیا بھر کے لاکھوں شائقین پی ایس ایل 12 کے منتظر ہیں۔

یاد رہے کہ پشاور زلمی نے پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل جیتا تھا۔ زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 9 سال بعد ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کی ڈائریکٹ سائننگز، پلیئر آکشن، شیڈول، وینیوز اور ٹکٹنگ سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

Watch Live Public News