کون بنے گا کروڑ پتی کا  پنجاب سے متعلق متنازعہ سوال ، امیتابھ بچن اور سونی ٹی وی کو قانونی نوٹس موصول 

کون بنے گا کروڑ پتی کا  پنجاب سے متعلق متنازعہ سوال ، امیتابھ بچن اور سونی ٹی وی کو قانونی نوٹس موصول 

(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کے مقبول کوئز شو ' کون بنے گا کروڑ پتی 18'  سے منسوب ایک مبینہ وائرل ویڈیو کلپ نے بڑا تنازع کھڑا کر دیا ہے، جس پر امیتابھ بچن اور سونی ٹی وی کو باقاعدہ قانونی نوٹس ارسال کر دیا گیا ہے۔

پنجاب کے وکیل کاامیتابھ بچن اور سونی ٹی وی کو قانونی نوٹس:

بھارتی ریاست پنجاب کے علاقے سنگرور سے تعلق رکھنے والے وکیل اندرجیت اروڑا نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر شدید اعتراض اٹھاتے ہوئے امیتابھ بچن اور سونی ٹی وی کو قانونی نوٹس بھیجا ہے۔

بھارتی خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس (IANS) کے مطابق اندرجیت اروڑا کو تین سے چار روز قبل ان کے ایک مؤکل نے اس ویڈیو کا اسکرین شاٹ اور کلپ بھیجا تھا، جس میں مبینہ طور پر امیتابھ بچن ایک امیدوار سے پولیس اسٹیشنوں پر بم حملوں سے متعلق سوال پوچھتے دکھائی دے رہے ہیں۔

وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نوعیت کا سوال امیدوار کی عمومی معلومات (جنرل نالج) جانچنے کے بجائے ایک مخصوص ریاست کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور پنجاب کا منفی تاثر ابھارنے کی کوشش دکھائی دیتا ہے۔

متنازعہ کلپ میں مبینہ طور پر کیا سوال پوچھا گیا؟

وائرل ہونے والی تقریباً دو منٹ کی ویڈیو کے مطابق مبینہ طور پر ساڑھے بارہ لاکھ روپے (12.5 لاکھ) مالیت کے اس سوال میں امیدوار سے پوچھا گیا کہ وہ کون سی بھارتی ریاست ہے جہاں مجرموں نے حالیہ دنوں میں بلا خوف و خطر پولیس اسٹیشنوں پر بم حملے کیے ہیں؟

اس سوال کے چار آپشنز میں اتر پردیش، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال اور پنجاب شامل تھے؛ مبینہ کلپ میں امیدوار نے 'ففٹی ففٹی' (50:50) لائف لائن استعمال کی جس کے بعد اتر پردیش اور مغربی بنگال کے آپشنز ہٹ گئے، اور پھر امیتابھ بچن کو پنجاب کو درست جواب قرار دیتے ہوئے سنا گیا۔

ویڈیو ہٹانے، غیر مشروط معافی کا مطالبہ :

ایڈووکیٹ اندرجیت اروڑا نے مطالبہ کیا ہے کہ اس متنازعہ ویڈیو کو قومی میڈیا سے ہٹایا جائے، اور اگر یہ فوٹیج واقعی شو کی کسی قسط کا حصہ ثابت ہوتی ہے تو امیتابھ بچن اور سونی ٹی وی غیر مشروط معافی مانگیں، کیونکہ آئندہ پنجاب انتخابات سے قبل اس طرح کے مواد کی تشہیر ریاست کے عوامی تشخص کو متاثر کر سکتی ہے۔

کیا ویڈیو اے آئی ہے؟

تاہم اس وائرل فوٹیج کی اصل حقیقت پر اب بھی بڑے سوالات برقرار ہیں؛ جب وکیل سے پوچھا گیا کہ کیا یہ کلپ مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار یا تبدیل کیا گیا ہو سکتا ہے، تو انہوں نے کہا کہ امیتابھ بچن اور سونی ٹی وی کا جواب موصول ہونے کے بعد صورتحال واضح ہو جائے گی، اور اگر ویڈیو جعلی نکلی تو اس کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی پر غور کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ تاحال اس بات کی کوئی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ یہ مبینہ سوال واقعی ' کون بنے گا کروڑ پتی 18' کی کسی نشریات کا حصہ تھا یا نہیں۔

Watch Live Public News