میٹا کے اے آئی سربراہ نے اگلے سال 'سپر انٹیلی جنس' ٹیکنالوجی کی آمد کی بڑی پیشگوئی کر دی

میٹا کے اے آئی سربراہ نے اگلے سال 'سپر انٹیلی جنس' ٹیکنالوجی کی آمد کی بڑی پیشگوئی کر دی

(ویب ڈیسک) معروف ٹیکنالوجی کمپنی میٹاکے آرٹی فیشل انٹیلی جنس ( اے آئی) شعبے کے سربراہ الیگزینڈر وانگ نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں ہلچل مچا دینے والی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کے مستقبل کو بدل دینے والی ' سپر انٹیلی جنس' ٹیکنالوجی 2027 میں سامنے آ سکتی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' (X) پر جاری اپنے بیان میں میٹا کے چیف اے آئی آفیسر الیگزینڈر وانگ  نے پیشگوئی کی کہ اے آئی ٹیکنالوجی کے ارتقا کا اگلا مرحلہ یعنی سپر انٹیلی جنس انتہائی قریب ہے اور سال 2027 انسانیت کے مستقبل کے لیے ایک فیصلہ کن سال ثابت ہو سکتا ہے جو انسانوں کے کام کرنے اور زندگی گزارنے کے طریقوں کو بدل دے گا۔

واضح رہے کہ سپر انٹیلی جنس سے مراد ایسی اے آئی ٹیکنالوجی ہے جو تخلیقی صلاحیت، عمومی علم، مسئلہ حل کرنے کی مہارت اور سماجی سمجھ بوجھ سمیت ہر شعبے میں انسانی ذہانت سے کہیں زیادہ آگے ہو، اور یہ دنیا کے ذہین ترین انسانوں کی مجموعی دماغی صلاحیتوں سے بھی زیادہ طاقتور ہوگی۔

بے لگام اے آئی سے متعلق انتباہ:

میٹا کے اے آئی سربراہ نے کہا کہ اگلے ایک سال میں کیے جانے والے فیصلے اس بات کا تعین کریں گے کہ ہم مستقبل میں کس طرح کی دنیا میں رہیں گے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اے آئی سسٹمز بغیر کسی مؤثر انسانی کنٹرول کے خود کو بہتر بناتے رہے تو انسانوں کے لیے ان پر کنٹرول برقرار رکھنا انتہائی مشکل ہو سکتا ہے۔

ٹیک کمپنیوں کو سیفٹی اور سیکیورٹی پر توجہ دینے کا مشورہ:

الیگزینڈر وانگ نے دنیا بھر کی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ تیز رفتار ترقی کے ساتھ ساتھ سیفٹی اور سیکیورٹی کو اولین ترجیح دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معاشرے یا فیصلے کرنے کی طاقت مکمل طور پر اے آئی کے حوالے نہیں کر دینی چاہیے، بلکہ ایسی ٹیکنالوجی تخلیق کرنی چاہیے جس سے انسانوں کو زیادہ مواقع اور اختیار ملے، کیونکہ سپر انٹیلی جنس کی آمد یقینی ہے اور اصل چیلنج اسے انسانیت کے لیے محفوظ بنانا ہے۔

Watch Live Public News