(ویب ڈیسک ) پاکستان کی قومی زبان اردو کے لیے اہم دن ہے، روسی خبر رساں ادارے سپتنک نے اردو نیوز سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
سپتنک اردو سروس کا آغاز پاکستان اور روس کے درمیان میڈیا تعاون میں اہم پیش رفت ہے۔ سپتنک اردو زبان میں نیوز چینل شروع کرنے والا پہلا روسی خبر رساں ادارہ بن گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سپتنک اردو سروس کے آغاز پر خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ۔انہوں نے سپتنک کی انتظامیہ اور ادارتی ٹیم کو دلی مبارکباد دی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سپتنک کی اردو سروس پاکستان اور روس کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گی،نئی اردو سروس سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، عوامی روابط اور افہام و تفہیم کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ ماسکو کے دوران پاکستان اور روس 15 سے 16 معاہدوں پر دستخط کریں گے روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے سپوتنک اردو سے گفتگو میں کہا کہ یہ ایک نہایت تاریخی دورہ ہوگا۔ https://t.co/qDD6GHCfD6
— Sputnik Urdu (@SputnikUrduNews) November 23, 2026
سپتنک نے اردو سروس کے آغاز پر روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کا پہلا انٹرویو ریکارڈ کیا۔پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے سپتنک کے ماسکو اسٹوڈیو میں اردو زبان میں خصوصی انٹرویو دیا۔سفیر پاکستان نے انٹرویو میں پاک روس تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا روابط کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
سپتنک دنیا بھر میں 30 سے زائد زبانوں میں خبریں اور معلومات فراہم کر رہا ہے۔ سپتنک کے یورپ، ایشیا، افریقہ، لاطینی امریکہ اور مشرقِ وسطیٰ میں 26 ادارتی مراکز قائم ہیں۔ سپتنک کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر سبسکرائبرز کی تعداد 3 کروڑ 40 لاکھ سے زائد ہے۔ سپتنک کے مطابق اس کی ریڈیو نشریات دنیا بھر میں 21 کروڑ سے زائد سامعین تک پہنچتی ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کے متوقع دورۂ روس سے قبل سپتنک اردو سروس کا آغاز اہم پیش رفت ہے۔ سپتنک کی اردو سروس سے پاکستانی عوام کو روس کی ثقافت، معاشرت اور مختلف شعبوں میں پیش رفت سے آگاہی کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
عالمی ذرائع ابلاغ میں اردو زبان کی بڑھتی ہوئی اہمیت، بی بی سی اور وائس آف امریکہ کے بعد سپتنک بھی اردو نشریاتی اداروں کی صف میں شامل ہے۔ سپتنک اردو سروس کا آغاز پاکستان کی قومی زبان کی عالمی سطح پر اہمیت کا اعتراف ہے۔