(ویب ڈیسک ) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ریفرنڈم زیادہ دور کی بات نہیں ، جلد ہو جائےگا،ان شاء اللہ ریفرنڈم نئے سال کے اوائل میں ہوگا لیکن حتمی وقت نہیں دے سکتا۔
خواجہ آصف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ پلیٹ فارم پر تمام اسٹیک ہولڈرز کا اِن پٹ شامل ہوگا۔جو معاملہ اختلاف کی نذر ہوگا اس پر سب متفقہ طور پر فیصلہ کرینگے۔آئین میں ریفرنڈم کا طریقہ درج ہے اس سے انحراف نہیں کیا جا سکتا،نئے صوبوں کے معاملے پر جو کچھ ہو رہا ہے اس کے نتائج مثبت ہوں گے۔حتمی شکل وہی ہوگی جس پر تمام اسٹیک ہولڈرز اتفاق کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ابھی تک کوئی دستاویزات تیار نہیں ہوئی،ایڈ منسٹریٹو یونٹس کی باتیں 3سے 4 ماہ سے چل رہی ہیں، 18ویں ترمیم میں جو اختیارات منتقلی کا تاثر تھا اس پر عمل نہیں ہوا،18ترمیم کے تحت اختیارات منتقل ہوتے تو آج یہ باتیں نہ ہوتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم پر بھنگڑا ڈالا جاتا رہا ہے کہ ہم نے تاریخ رقم کر دی، آج بھی 18ویں ترمیم کا کریڈیٹ لیا جاتا ہےلیکن اس کی روح تو نکال لی گئی۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ وفاق سے جو پیسہ صوبوں کو جاتا ہے وہ بلدیاتی اداروں کو جانا ہوتا ہے،وفاق سے آنے والا پیسہ بلدیاتی اداروں تک پہنچنا چاہیئے۔