(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کیا کھلا تضاد نہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے بیان میںک ہا کہ ملک میں گڈ گورننس کے حوالے سے بحث جاری ہے، عوام اچھی اور بہترین حکومت چاہتے ہیں، اچھی گورننس، عوام کو سہولیات کی فراہمی اور عوام کے سامنے جوابدہ حکومت عوام کی بنیادی ضرورت اور حقیقی مسئلہ ہے،آپ اور ہم سب کئی دہائیوں سے اس نظام کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم خود کو اس نظام کی کمزوریوں اور خامیوں سے الگ نہیں کر سکتے۔ سیاست کی آڑ میں احتساب سے مبرا ہونے کی بات عوام اور قانون دونوں مسترد کرتے ہیں۔ اس کی کوئی گنجائش نہیں، نیب کے اصلاحات بھی خود کیں اور اب اسی ادارے کو مورد الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اہم مسئلہ صوبوں کے حوالے سے بحث ہے، صوبوں کے حوالے سے بحث کو روکا نہیں جا سکتا،جمہوری اور قانونی تقاضا ہے کہ یہ بحث جاری رہنی چاہئے،ہم اپنے آپ کو سسٹم کی کمزوریوں سے دور نہیں رکھ سکتے، گڈ گورننس اور اصلاحات تمام حکومتوں کا ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام اگر صوبے چاہتے ہیں تو بنا دیئے جائیں، صوبوں کے معاملے پر خون تک بہا دینے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے، آپ عوام کی مرضی کی بات کیوں نہیں کرتے؟،عوام کی مرضی کے بغیر کوئی بھی ایجنڈا مسلط نہیں کیا جا سکتا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ عوام کی رائے جاننے کا بہترین ذریعہ ریفرنڈم ہے،ریفرنڈم کے حوالے سے عوام کا بہترین مفاد مدنظر رکھا جائے،ریفرنڈم آئین کا حصہ ہے اور آئینی طریقہ کار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کیا کھلا تضاد نہیں،حکومت صحافیوں کے تحفظ کے لئے کردار ادا کر رہی ہے، میڈیا اور صحافیوں کے حقوق کے حوالے سے حکومت نے بہت کام کیا ہے۔