احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا سلسلہ بند ہونا چاہیے: بلاول بھٹو زرداری

 ملک کے معاشی حالات انتہائی خراب، اپنی زندگی میں اتنی مشکلات نہیں دیکھیں، بلاول بھٹو
کیپشن:  ملک کے معاشی حالات انتہائی خراب، اپنی زندگی میں اتنی مشکلات نہیں دیکھیں، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ  احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ صرف تقریر کرنے پر کسی کو کرپٹ یا قبضہ مافیا قرار دینا ملک اور عوام کے ساتھ مذاق ہے۔

کراچی میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حقیقی احتساب کے لیے ضروری ہے کہ کارروائی سیاسی انتقام سے پاک ہو۔ چارٹر آف ڈیموکریسی کے مطابق آئینی عدالت کا قیام ہماری دیرینہ خواہش ہے۔  آئینی عدالت پر صرف حکومت نہیں اپوزیشن کا اعتماد بھی ضروری ہے۔  اگر عدالتوں پر اپوزیشن کا اعتماد نہیں ہوگا تو وہ عوام کا اعتماد کیسے حاصل کرسکیں گی؟  حکومت اور اپوزیشن کا عدالتوں پر اعتماد نہ ہو ججوں کا بھی اپنے نظام پر اعتماد متزلزل ہو تو عدالتی نظام کیسے چل سکے گا؟  نظام کا انہدام خود نہیں ہوا بلکہ اسے گرایا گیا، اب سوال یہ ہے کہ اداروں پر اعتماد کیسے بحال کیا جائے؟

انہوں نے کہا کہ  اٹھارویں ترمیم اور 1973ء کے آئین کی خوبصورتی یہ ہے کہ ان پر صرف میرا نہیں بلکہ ہر پاکستانی اور ہر سیاسی جماعت کا اعتماد ہے۔  26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے میں نے دن رات محنت کی۔  26ویں آئینی ترمیم مکمل سیاسی اتفاق رائے نہیں بلکہ بھاری اکثریتی رضامندی سے منظور کرائی گئی۔  26ویں آئینی ترمیم میں مولانا فضل الرحمٰن کے ذریعے اپوزیشن کی تجاویز اور مؤقف کو شامل کیا گیا۔  مولانا فضل الرحمٰن کو 26ویں آئینی ترمیم پر ووٹ دینے کے لیے پی ٹی آئی کی جانب سے اجازت دی گئی تھی۔ 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے باہمی سیاسی رضامندی موجود تھی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ ملک میں غربت، بے روزگاری اور مہنگائی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور آنے والے دنوں میں معاشی مشکلات مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ملکی معیشت کے اتنے خراب حالات نہیں دیکھے۔ انہوں نےکہا کہ غریب، محنت کش اور سفید پوش طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔ عوام بجلی کے بلوں سے پریشان ہیں اور خاندان بچوں کی تعلیم اور دو وقت کی روٹی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور ہیں۔

بلاول نے کہا کہ سیاستدان عوامی مسائل کے بجائے نفرت اور تقسیم کی سیاست میں مصروف ہیں۔ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے بنیادی مسائل پر توجہ دینا ہوگی اور حکمرانوں کو یاد دلانا ہوگا کہ وہ عوام کی خدمت کے لیے اقتدار میں ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ نظام خود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کیا گیا، جس کے ذمہ دار ہم سب ہیں۔ نظام کی بہتری کے لیے سیاسی ری سیٹ ضروری ہے اور یہ عمل غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ہونا چاہیے۔ تمام اداروں کو عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔

صحافیوں کی برطرفیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کراچی کے ایک نجی ٹی وی چینل سے 25 صحافیوں کو ملازمت سے فارغ کیا گیا، جس سے 50 خاندان متاثر ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد میڈیا کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ پیکا سمیت مختلف قوانین کے باعث صحافیوں پر دباؤ بڑھا ہے اور انہیں سچ بولنے سے پہلے قانونی کارروائی کا خوف لاحق رہتا ہے۔ میڈیا کو مکمل آزادی ملنی چاہیے تاکہ عوامی مسائل بلاخوف اجاگر کیے جاسکیں۔ انہوں نے صحافیوں سے میڈیا قوانین میں اصلاحات کے لیے تجاویز بھی طلب کیں اور انہیں پارلیمنٹ اور سندھ اسمبلی میں اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ سیاسی اختلاف کا جواب گولی، بندوق یا دھمکیوں سے نہیں دینا چاہیے۔ اپوزیشن پر تنقید کی بنیاد پر اسے غدار یا غیر محب وطن قرار دینا پارلیمان اور ملک کے ساتھ ناانصافی ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  اپوزیشن کو مخصوص نشستوں سے محروم کرکے حکومتی بینچوں پر بٹھانا جمہوریت نہیں، اپوزیشن کی مخصوص نشستیں ختم کرکے حکومتی نشستوں پر قبضہ کرنے سے کون سا نظام چلایا جارہا ہے؟  مخصوص نشستوں کے معاملے پر ایک نہیں، دو مرتبہ آئینی ترمیم کی گئی اب تیسری ترمیم پر غور ہورہا ہے۔ جو مخصوص نشستیں آپ کی نہیں انہیں حاصل کرنے کے لیے بار بار آئینی ترامیم کی جارہی ہیں۔ مخصوص نشستوں کا معاملہ عدالتوں میں نظرثانی یا پارلیمان سے نیا قانون منظور کرکے حل کیا جاسکتا ہے۔ اپوزیشن کو اس کی مخصوص نشستیں واپس دلانا کوئی ایسا مشکل کام نہیں ہونا چاہیے۔ حکومت اپوزیشن کو بغیر کسی پیشگی شرط کے اس کا حق یعنی مخصوص نشستیں واپس کرے۔ مخصوص نشستیں واپس کرکے حکومت اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنے کے لیے نیک نیتی کا مظاہرہ کرے۔ اپوزیشن کو مخصوص نشستیں واپس دینے سے پارلیمان میں مل کر قومی مسائل کا مقابلہ کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن ملک میں دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون پر تیار ہے۔ اپوزیشن کو وفاقی حکومت میں باقاعدہ شراکت دار بنایا جائے تاکہ اس کی ناراضی ختم اور اعتماد بحال ہو۔ اپوزیشن کو حکومتی معاملات میں اسٹیک ہولڈر بنانے سے سیاسی اختلافات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنے کے لیے کئی اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ  پاکستان کے عوام کے مسائل موجودہ نظام میں رہتے ہوئے حل کرنے اور جمہوری و سیاسی نظام کو ازسرنو فعال بنانے کی ضرورت ہے۔  ملک میں جمہوری اور سیاسی اصلاحات کے لیے پارلیمان اور میڈیا کے ساتھ انتخابی نظام عدلیہ اور احتساب کے اداروں کا بھی جائزہ لینا ہوگا۔ انتخابی نظام عدلیہ اور احتساب کے شعبوں میں اصلاحات سیاسی اور جمہوری نظام کی بحالی کے لیے ضروری ہیں۔



 

Watch Live Public News