(ویب ڈیسک) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ایس ایس جی کی مہارت، پھرتی اور درستگی قابل تعریف ہے،مسلسل تربیت اور آپریشنل تیاری سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سپیشل سروسز گروپ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ ایس ایس جی ہیڈ کوارٹرز تربیلا آمد پر جی او سی ایس ایس جی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہداء یادگار پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ایس ایس جی کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایس ایس جی کی خصوصی تربیت، آپریشنل تیاری اور مشن کی انجام دہی کے لیے استعداد پر بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے جدید ترین خصوصی آلات کے استعمال کا مظاہرہ دیکھا، ایس ایس جی کی جنگی مہارت، تیز رفتار کارروائی اور خصوصی آپریشنز میں درستگی کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایس ایس جی افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔انہوں نے ایس ایس جی کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور فرض سے غیر متزلزل وابستگی کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی خطرات اور نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل تربیت اور آپریشنل تیاری ناگزیر ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سی ڈی ایف نے مقامی دفاعی صلاحیتوں کی ترقی اور آپریشنل تیاری پر غیرمتزلزل توجہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔