(ویب ڈیسک)ساف چیمپئن شپ 2026 کے افتتاحی مقابلے میں دفاعی چیمپئن بھارت نے پاکستان کو ایک سنسنی خیز اور اتار چڑھاؤ سے بھرپور میچ میں 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔
ڈھاکہ کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں بھارتی ٹیم نے میچ کا جارحانہ آغاز کیا۔ فارورڈ سہیل احمد بھٹ نے زبردست موو بناتے ہوئے محمد سہیل کے لو کراس پر پہلا گول داغا۔کچھ ہی دیر بعد سہیل بھٹ نے تن تنہا پاکستانی دفاع کو چیرتے ہوئے گول کیپر یوسف بٹ کو چکمہ دے کر گیند جال میں پہنچا دی اور اسکور 0-2 کر دیا۔
مڈفیلڈ پر مکمل کنٹرول کے دوران منگلینتھنگ کپگین نے ایک خوبصورت چپ شاٹ کے ذریعے تیسرا گول کر کے پہلے ہی ہاف میں بھارت کی برتری 0-3 کر دی۔
پاکستان کو پہلے ہاف میں پنالٹی ملی جب ابھیشیک سوریاونشی نے فاؤل کیا، مگر شائق دوست گیند کو کراس بار کے اوپر اچھال بیٹھے اور گول کرنے کا سنہری موقع ضائع کر دیا۔
پاکستان کی شاندار واپسی:
A late fightback but just falling short with a missed penalty from Shayak Dost. Goals from Najeeb Ullah on debut & goal of the game from Alamgir Ghazi. Pakistan 2-3 India #SAFFChampionship2026 https://t.co/lIymP55YJU
— Bilal (@bilalshabxr) November 5, 2026
دوسرے ہاف کے اختتام تک میچ بھارت کی گرفت میں نظر آ رہا تھا، لیکن سٹاپج ٹائم شروع ہوتے ہی نولبرٹو سولانو کی پاکستانی ٹیم نے تاریخی کم بیک کیا۔
جنید شاہ کے شاندار کراس پر نجیب اللہ نے برق رفتار ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پھینک کر اسکور 1-3 کیا۔
صرف دو منٹ بعد عالمگیر غازی نے میچ کا سب سے خوبصورت گول اسکور کیا، انہوں نے گرتے ہوئے انتہائی تنگ زاویے سے شاندار ٹرن لے کر گیند کو سیدھا جال کی نذر کیا اور مقابلہ 2-3 کر دیا، تاہم یہ شاندار کوشش وقت کی کمی کے باعث میچ کا نتیجہ نہ بدل سکی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے عالمگیر غازی نے تسلیم کیا کہ پہلا ہاف مایوس کن تھا اور پنالٹی ضائع ہونے سے نقصان ہوا، لیکن ٹیم نے دوسرے ہاف میں زبردست لڑائی لڑی۔
میچ سے ایک روز قبل پریکٹس نہ کرنے کی وجہ پوچھنے پر انہوں نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ ان کا سامان (Luggage) گم ہو گیا تھا جس کی وجہ سے ٹریننگ نہیں ہو سکی۔
انہوں نے پرامید انداز میں کہا کہ مالدیپ کے خلاف دوسرا میچ جیتنا ناگزیر ہے، اور سیمی فائنل تک تمام اہم کھلاڑی وقت پر دستیاب ہوں گے۔