ویب ڈیسک: پاکستانی ڈراموں کی مقبولیت بھارت میں نئی بات نہیں، تاہم پاکستانی ڈرامہ ’’ درِ نجات‘‘ نے بھارتی نوجوان نسل، خصوصاً جنریشن زی (Gen Z) میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کرلی ہے۔ ڈرامے کے کردار ابو بکر اور زریاب سوشل میڈیا پر چھا گئے، جبکہ ان کے مختلف مناظر پر مبنی ریلز بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
بھارتی ویب سائٹ انڈیپنڈنٹ اردو سے گفتگو میں بھارتی نوجوانوں نے ڈرامے اور اس کے کرداروں کو پسند کرنے کی وجوہات بتائیں۔ نئی دہلی کے طالب علم ارہان کے مطابق ابو بکر ایک محبت کرنے والا، خیال رکھنے والا اور وفادار شوہر ہے، جو خواتین سے عزت و احترام سے پیش آتا ہے اور مشکل حالات میں بھی صبر کا مظاہرہ کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈرامے میں ابو بکر کا کردار مذہب کی مثبت اور فطری انداز میں عکاسی کرتا ہے، جبکہ اس کے برعکس ایک دوسرے کردار کا رویہ منفی سوچ کی نمائندگی کرتا ہے۔
بھارتی نوجوان گلدستہ نے ابو بکر کو ایک مثالی کردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اصل مذہب انسانیت، برداشت، اخلاق اور خواتین کے احترام کا درس دیتا ہے۔ ان کے مطابق ڈرامہ صرف ایک اچھے انسان کی کہانی نہیں بلکہ ایسی بنیادی انسانی اقدار کو اجاگر کرتا ہے جو سرحدوں کی محتاج نہیں۔
ایک اور بھارتی طالب علم زید کا کہنا تھا کہ بھارتی ڈراموں میں عموماً گھریلو تنازعات پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے، جبکہ پاکستانی ڈراموں کی کہانیوں کا انداز مختلف ہے۔ ان کے مطابق بھارت میں پاکستانی ڈرامے جبکہ پاکستان میں بھارتی فلمیں پسند کی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ ’’ درِ نجات‘‘ یکم اگست 2026 کو ایک نجی پاکستانی ٹی وی چینل سے نشر ہونا شروع ہوا تھا۔ ڈرامے کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی جبکہ ہدایت کاری کے فرائض ثاقب خان نے انجام دیے۔ پاکستان کے علاوہ بھارت، بنگلہ دیش، دبئی اور مالدیپ میں بھی ڈرامے کو پذیرائی مل رہی ہے۔