مولانا فضل الرحمان کے بغیر  خیبرپختونخوا میں حکومت بنی ہے اور چلتی رہے گی، فیصل کریم کنڈی

مولانا فضل الرحمان کے بغیر  خیبرپختونخوا میں حکومت بنی ہے اور چلتی رہے گی، فیصل کریم کنڈی
کیپشن: مولانا فضل الرحمان کے بغیر  خیبرپختونخوا میں حکومت بنی ہے اور چلتی رہے گی، فیصل کریم کنڈی

ویب ڈیسک: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مولانا فضل الرحمان کی گزشتہ روز کی تقریر پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سینئر سیاستدان ہیں، ان سے ایسی گفتگو کی توقع نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے بغیر  خیبرپختونخوا میں حکومت بنی ہے اور چلتی رہے گی۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں گورنر راج کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان کے مؤقف سے اختلاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا اور سیکیورٹی اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

گورنر نے الزام عائد کیا کہ سابق صوبائی حکومت کے فیصلے اسلام آباد کے بجائے کابل اور قندھار سے آتے تھے، جبکہ سابق حکمرانوں کے بعض مفرور عناصر سرحد پار بیٹھ کر لوگوں کو اکسا رہے ہیں۔

انہوں نے صوبے کے معدنی وسائل کو بروئے کار لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی اور پاکستانی کمپنیاں خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ جہاں ضرورت ہوگی، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جائیں گے اور سیکیورٹی اداروں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے تعاون فراہم کیا جائے گا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن کے قیام کے لیے تمام اداروں اور پلیٹ فارمز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ دیگر صوبوں کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے ساتھ خیبرپختونخوا کے مثبت تجربات بھی شیئر کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے والوں کا ساتھ دیا جائے گا۔

Watch Live Public News