ویب ڈیسک: جنوبی کوریا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے گلیکسی اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس پر دستیاب اپنی مقبول ’سام سنگ نیوز‘ ایپ 21 دسمبر 2026 کو بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی نے بھارت اور جنوبی کوریا میں صارفین کو ایپ نوٹیفکیشن کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ سروس 21 دسمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے بند کر دی جائے گی۔ بندش کے بعد سام سنگ نیوز ویجٹ پر مواد کی اپ ڈیٹس بھی موصول نہیں ہوں گی۔
سام سنگ نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ سروس بند ہونے سے پہلے اپنی ہوم اسکرین سے نیوز ویجٹ ہٹا دیں۔
اپریل 2023 میں متعارف کرائی گئی سام سنگ نیوز نے ’سام سنگ فری‘ کی جگہ لی تھی۔ اس کے ذریعے صارفین کو مختلف نیوز پبلشرز کی بریکنگ نیوز، کھیلوں، مالیاتی امور اور دیگر دلچسپی کے موضوعات سے متعلق خبریں ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب تھیں۔
کمپنی نے تاحال سروس بند کرنے کی وجہ واضح نہیں کی۔ تاہم امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گلیکسی فونز میں گوگل ڈسکور کو بنیادی نیوز فیڈ کے طور پر جگہ دی جا سکتی ہے، جس کی سام سنگ نے تصدیق نہیں کی۔
فی الحال سروس بند کرنے کا نوٹیفکیشن بھارت اور جنوبی کوریا میں سامنے آیا ہے، جبکہ دیگر ممالک کے لیے حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ متبادل کے طور پر صارفین گوگل نیوز اور گوگل ڈسکور سے خبریں حاصل کر سکتے ہیں۔