سندھ کے 10 اسپتالوں میں عالمی یومِ قلب منایا جا رہا ہے

سندھ کے 10 اسپتالوں میں عالمی یومِ قلب منایا جا رہا ہے
کیپشن: سندھ کے 10 اسپتالوں میں عالمی یومِ قلب منایا جا رہا ہے

ویب ڈیسک: سندھ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیز (SICVD) کے صوبے بھر میں قائم 10 اسپتالوں میں عالمی یومِ قلب 2026 کی مناسبت سے آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر آگاہی واک، پلیج وال اور مختلف سیشنز کا اہتمام کیا گیا، جن میں مریضوں، تیمارداروں، طبی عملے اور شہریوں کو امراضِ قلب سے بچاؤ، علامات کی بروقت شناخت اور فوری علاج کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔

عالمی یومِ قلب کی مناسبت سے ایس آئی سی وی ڈی کے اسپتالوں کو سرخ روشنیوں سے بھی روشن کیا گیا، جبکہ دل کی صحت سے متعلق آگاہی پیغامات سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچائے جا رہے ہیں۔

ایس آئی سی وی ڈی کے مطابق ادارہ اپنے 10 اسپتالوں اور 30 چیسٹ پین یونٹس کے ذریعے سندھ بھر میں عوام کو مفت اور بروقت امراضِ قلب کی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

اس سال عالمی یومِ قلب کی مہم کا عنوان ’’کوئی دھڑکن نظر انداز نہ کریں‘‘ (Don’t Miss a Beat) ہے، جس کا مقصد لوگوں کو دل کی بیماری کی علامات پہچاننے اور دل کی صحت کے لیے بروقت اقدامات کی ترغیب دینا ہے۔

ورلڈ ہارٹ فیڈریشن کے مطابق امراضِ قلب و خون دنیا بھر میں سالانہ 2 کروڑ سے زائد اموات کا سبب بنتے ہیں، جن میں سے بڑی تعداد قابلِ روک تھام خطرے کے عوامل سے منسلک ہے۔

مہم کے تحت ستمبر کے دوران ’’کیپ دی بیٹ‘‘ (Keep the Beat) چیلنج بھی جاری ہے، جس میں لوگوں کو زیادہ جسمانی سرگرمی اختیار کرنے اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔

Watch Live Public News