پانی کے معاملے پر پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی، اقوام متحدہ میں اہم قرارداد منظور

پانی کے معاملے پر پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی، اقوام متحدہ میں اہم قرارداد منظور
کیپشن: پانی کے معاملے پر پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی، اقوام متحدہ میں اہم قرارداد منظور

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں محفوظ پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے انسانی حق سے متعلق قرارداد اتفاقِ رائے سے منظور کرلی گئی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کو سرحد پار آبی تعاون کے معاملے پر اہم سفارتی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں پہلی بار قرارداد کے حتمی متن میں سرحد پار آبی تعاون کا واضح حوالہ شامل کیا گیا۔

قرارداد جرمنی اور اسپین نے پیش کی، جبکہ پاکستان نے سرحد پار آبی تعاون کو قرارداد کے حتمی متن کا حصہ بنانے کے لیے فعال کردار ادا کیا۔ ذرائع کے مطابق بھارت نے قرارداد سے سرحد پار آبی تعاون کا حوالہ ختم کرنے کی کوشش کی، تاہم یہ کوشش کامیاب نہ ہوسکی۔

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 47 رکن ممالک نے قرارداد کو اتفاقِ رائے سے منظور کیا۔ قرارداد میں پہلی بار واضح طور پر تسلیم کیا گیا کہ سرحد پار آبی تعاون کا محفوظ پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کے انسانی حقوق کے حصول سے براہِ راست تعلق ہے۔

قرارداد کی منظوری کے موقع پر پاکستان کی جانب سے فرسٹ سیکرٹری عدیل کھوکھر نے خطاب کیا۔ انہوں نے مشترکہ آبی وسائل کے حوالے سے پاکستان کا اصولی مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ جہاں پانی مشترکہ ہو، وہاں ذمہ داریاں بھی مشترکہ ہوتی ہیں۔

عدیل کھوکھر کا کہنا تھا کہ مشترکہ آبی وسائل پر تعاون ہمسایہ ممالک کے درمیان کسی احسان یا رعایت کا معاملہ نہیں بلکہ مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بالائی دریا کا کوئی ملک پانی کو سیاسی دباؤ یا اثر و رسوخ کے آلے کے طور پر استعمال نہیں کرسکتا۔ پانی کے وسائل کو سیاسی دباؤ کے بجائے تعاون، باہمی ذمہ داری اور مشترکہ مفاد کے اصولوں کے تحت استعمال کیا جانا چاہیے۔

Watch Live Public News