لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

 لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار
کیپشن:  لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، موسم خوشگوار

ویب ڈیسک: پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ بارش کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔

لاہور کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ساندہ، چوبرجی، فیروزپور روڈ، گلبرگ، کینال روڈ اور مسلم ٹاؤن سمیت دیگر مقامات پر بارش ہوئی۔ بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 جبکہ زیادہ سے زیادہ 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج لاہور میں وقفے وقفے سے مزید بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

دوسری جانب بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جبکہ بعض علاقوں میں بجلی کے فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں منچن آباد، سانگلہ ہل، ننکانہ صاحب اور پنڈی بھٹیاں سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

Watch Live Public News