ویب ڈیسک: نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا الرٹ جاری کردیا۔
این ای او سی کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، خطہ پوٹھوہار، مری اور گلیات سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
لاہور، نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں رات کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بالائی اور میدانی علاقوں، بشمول پشاور، سوات، چترال، دیر، ایبٹ آباد، مردان، کوہاٹ اور وزیرستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارش، پہاڑی مقامات پر برفباری جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ای او سی نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی راستوں پر لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں پر پھسلن کا خدشہ ہے، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔