ویب ڈیسک: پاکستانی ڈرامے ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی نیٹ فلکس پر ریلیز نے بھارت میں نئی بحث چھیڑ دی، آل انڈیا سنے ورکرز ایسوسی ایشن نے نیٹ فلکس کو ڈرامہ ہٹانے کا الٹی میٹم دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی تنظیم نے نیٹ فلکس کو 4 دسمبر تک پاکستانی ڈرامہ پلیٹ فارم سے ہٹانے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر بائیکاٹ، نیٹ فلکس دفاتر کے باہر احتجاج اور سبسکرپشن منسوخی کی مہم چلائی جائے گی۔
سیاسی ماہرین کے مطابق پاکستانی ڈراموں اور فنکاروں کی مقبولیت بھارتی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں تشویش کا باعث بن رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی حلقوں کی جانب سے پاکستانی اداکاروں اور گلوکاروں کے خلاف مخالفت اور پروپیگنڈا کوئی نئی بات نہیں۔
ماہرین نے عاطف اسلم، راحت فتح علی خان، مہدی حسن، غلام علی، نصرت فتح علی خان، علی ظفر، سلمیٰ آغا، زیبا بختیار، صبا قمر، ماورا حسین، ماہرہ خان اور فواد خان سمیت متعدد پاکستانی فنکاروں کو ماضی میں بھارت میں مخالفت اور پابندیوں کا سامنا کرنے کی مثالیں قرار دیا۔
سیاسی ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی فلموں میں پاکستان مخالف پروپیگنڈے اور روایتی موضوعات پر انحصار کے باعث ناظرین میں ایسے مواد سے متعلق عدم دلچسپی بڑھ رہی ہے، جبکہ پاکستانی ڈرامے اپنی کہانیوں اور اداکاری کے باعث توجہ حاصل کر رہے ہیں۔