(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے ٹرائل کے لیے فیس لیس( بے چہرہ) انسدادِ دہشت گردی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے مقدمات کی سماعت کے لیے فیس لیس عدالتیں قائم کی جائیں گی، مجوزہ عدالتوں میں ججوں، گواہوں، پولیس اہلکاروں اور دیگر متعلقہ افراد کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی، فیس لیس عدالتوں کے قیام کا مقصد ججوں اور گواہوں کو دہشت گردوں اور ان کے نیٹ ورکس کی ممکنہ دھمکیوں سے محفوظ رکھنا ہے۔
ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق فیس لیس انسدادِ دہشت گردی عدالتوں کے قیام کے لیے قانون سازی کی جائے گی، مجوزہ عدالتی نظام کے تحت فریقین کو فیصلوں کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کا حق حاصل ہوگا،
دہشت گردی کے مقدمات کی سماعت کے لیے نیا عدالتی نظام متعارف کرانے کا منصوبہ سکیورٹی بریفنگ میں سامنے آیا۔