جاپان میں ایک صدی سے زائد پرانی جیل لگژری ہوٹل میں تبدیل

جاپان میں ایک صدی سے زائد پرانی جیل لگژری ہوٹل میں تبدیل
کیپشن: جاپان میں ایک صدی سے زائد پرانی جیل لگژری ہوٹل میں تبدیل

ویب ڈیسک: جاپان میں ایک صدی سے زائد پرانی جیل کو تزئین و آرائش کے بعد لگژری ہوٹل میں تبدیل کردیا گیا ہے، جہاں کبھی قیدی رہتے تھے، اب سیاح قیام کرتے ہیں۔

نارا جیل 1908 میں تعمیر کی گئی تھی اور 2017 میں اسے ثقافتی ورثہ قرار دیا گیا۔ تقریباً 7 سال کی تزئین و آرائش کے بعد اسے جون 2026 میں ’ہوشینویا نارا پریزن ہوٹل‘ کے نام سے دوبارہ کھولا گیا۔

25 ایکڑ رقبے پر پھیلی اس تاریخی عمارت میں ہوٹل کے ساتھ میوزیم بھی قائم کیا گیا ہے۔ عمارت کا ڈیزائن ستارے کی شکل کا ہے، جس کے پانچ ونگز مرکزی حصے سے منسلک ہیں۔

جیل کے سابقہ سیلوں کو باہم ملا کر پرتعیش کمروں میں تبدیل کیا گیا ہے۔ ہوٹل میں تین اقسام کے کمرے دستیاب ہیں، جبکہ سب سے بڑا کمرہ 11 سابقہ حوالات کو ملا کر بنایا گیا ہے۔ کمرے کا کرایہ تقریباً 245 ڈالر فی رات سے شروع ہوتا ہے، تاہم قیمت سیاحتی سیزن کے مطابق تبدیل ہوسکتی ہے۔

ہوٹل کی تزئین و آرائش کے دوران تاریخی عمارت کی بیشتر اصل خصوصیات کو برقرار رکھا گیا ہے۔ ہالز، لکڑی کے سبز دروازوں اور حتیٰ کہ کمروں کے نمبرز کو بھی بڑی حد تک پرانی حالت میں محفوظ رکھا گیا ہے۔

نارا جیل جاپان کی ان تاریخی جیلوں میں شامل ہے جو مغربی طرز تعمیر سے متاثر ہوکر بنائی گئی تھیں۔ اس کی تعمیر قیدیوں ہی نے مکمل کی تھی اور یہاں مختلف ادوار میں 16 سے 26 قیدی رکھے جاتے تھے۔

تاریخی ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے اسے جدید ہوٹل میں تبدیل کرنا منصوبے کا سب سے بڑا چیلنج تھا، تاہم افتتاح کے بعد سے یہ منفرد ہوٹل بین الاقوامی سیاحوں کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔

Watch Live Public News