(ویب ڈیسک): دنیا کے مصروف ترین ریلوے اسٹیشنوں میں شمار ہونے والے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے شنجوکو (Shinjuku) اسٹیشن پر صفائی عملے کے کام کا بوجھ کم کرنے کے لیے چلنے پھرنے والے خودکار روبوٹک کچرا دانوں (Mobile Robotic Rubbish Bins) کی آزمائش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
آزمائش کے لیے اسٹیشن کے تہہ خانے (بیسمنٹ لیول) کے ٹکٹ ہال میں تین جدید روبوٹک ڈسٹ بنز تعینات کیے گئے ہیں۔ان روبوٹس کی اونچائی ایک میٹر سے کچھ زائد ہے اور یہ مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے 20 سینٹی میٹر فی سیکنڈ کی انتہائی محتاط رفتار سے حرکت کرتے ہیں۔ان میں جدید سینسرز نصب ہیں جو ہجوم یا کسی مسافر کے قریب آنے پر فوری بریک لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
خودکار طریقہ کار اور آپریشن:
شنجوکو اسٹیشن سے روزانہ 27 لاکھ سے زائد مسافر گزرتے ہیں، جہاں سیکیورٹی اور صفائی کی وجوہات کی بنا پر فکسڈ کوڑے دان کم رکھے گئے ہیں اور روایتی ڈسٹ بنز کو دن میں 10 سے زائد بار خالی کرنا پڑتا ہے۔یہ روبوٹس پہلے سے پروگرام شدہ راستوں پر ٹکٹ گیٹس کے درمیان چکر لگاتے ہیں اور عام کچرے سمیت پلاسٹک کی بوتلیں اکٹھی کرتے ہیں۔کچرا بھر جانے پر یہ روبوٹس خودکار طریقے سے واپس مرکزی کولیکشن پوائنٹ پر پہنچ جاتے ہیں تاکہ انہیں خالی کیا جا سکے۔
新宿駅構内でよ?自動運転の「ごみ箱」な。JR東日本×三菱電機らしいけどな。ごみ箱をわざわざ、こんな事する必要あるのか?これはよ、新宿駅という人の多すぎる場所でも、本当に自動で『小回り』が効くのか。が裏テーマらしい。見てみ?#断酒 #自動運転 pic.twitter.com/eoFwIVUJ9K
— ダメリーマン斎藤 (@saito2020tokyo) September 15, 2026
یہ آزمائشی منصوبہ 8 ستمبر سے شروع ہوا ہے جو 20 نومبر تک پیر سے جمعہ صبح 10:00 سے شام 17:00 بجے تک جاری رہے گا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ان روبوٹس کا مقصد انسانی عملے کی جگہ لینا نہیں بلکہ ان کی معاونت کرنا ہے۔ آپریشن کے دوران ویڈیو اور سینسر ڈیٹا کا جائزہ صرف محفوظ نیویگیشن کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
ان روبوٹس پر بنی بڑی بڑی مصنوعی آنکھیں (Googly Eyes) اور اسٹیشن کے آفیشل مسکوٹ 'شنجوکوما' (Shinjukuma) سے سجا ٹرین ڈیزائن اسٹیشن پر آنے والے مقامی مسافروں اور غیر ملکی سیاحوں کی توجہ اور مسکراہٹ کا مرکز بنا ہوا ہے۔