ویب ڈیسک: کیمرون کی فزکس کی طالبہ نے ایسا تھرمل کوکنگ بیگ تیار کیا ہے جس کی مدد سے کھانا بجلی یا مسلسل آگ کے بغیر پکایا جا سکتا ہے۔
یہ بیگ موصلیت فراہم کرنے والے خاص مٹیریل سے تیار کیا گیا ہے اور سلو کُکر کی طرح کام کرتا ہے۔ کھانا پکانے کے لیے پتیلی کو پہلے صرف 5 سے 10 منٹ تک چولہے پر اُبالا جاتا ہے، پھر ڈھکن سمیت اسے بیگ میں رکھ کر اچھی طرح بند کردیا جاتا ہے۔
بیگ اندر موجود حرارت کو برقرار رکھتا ہے، جس کے باعث کھانا کئی گھنٹوں تک آہستہ آہستہ پکتا رہتا ہے۔ یہ طریقہ خاص طور پر چاول، دال اور گوشت پکانے کے لیے مفید ہے، جبکہ سوپ تقریباً 20 منٹ میں تیار کیا جا سکتا ہے۔
اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے کھانا پکانے کے لیے ایندھن کی کھپت میں 70 فیصد تک کمی کا دعویٰ کیا گیا ہے، جس سے درختوں کی کٹائی اور دھوئیں میں بھی کمی لائی جا سکتی ہے۔
کیمرون میں اب تک ایسے 2 ہزار سے زائد بیگ فروخت کیے جا چکے ہیں۔