یومِ فضائیہ آج منایا جا رہا ہے، صدر اور وزیراعظم کا پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراجِ تحسین

یومِ فضائیہ آج منایا جا رہا ہے، صدر اور وزیراعظم کا پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراجِ تحسین
کیپشن: یومِ فضائیہ آج منایا جا رہا ہے، صدر اور وزیراعظم کا پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراجِ تحسین

ویب ڈیسک: پاکستان بھر میں آج 7 ستمبر کو یومِ فضائیہ منایا جا رہا ہے۔ یہ دن 1965 کی پاک بھارت جنگ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کی شجاعت، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

6 اور 7 ستمبر 1965 کو پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے متعدد طیارے مار گرائے اور اپنی جنگی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ یومِ فضائیہ کے موقع پر ملک بھر کے فضائی اڈوں اور دیگر مقامات پر 1965 کی جنگ کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ نے فضائی معرکوں میں پیشہ ورانہ برتری کا مظاہرہ کرتے ہوئے معرکۂ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن خواہ کتنا ہی طاقتور ہو، پاکستانی قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتا۔

وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دہائیوں پر محیط فضائی معرکوں میں اپنی مہارت اور برتری ثابت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر 1965 میں فضائی حدود کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بے مثال جرأت کا مظاہرہ کیا اور مادرِ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاک فضائیہ کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ راشد منہاس شہید سمیت پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جرأت اور بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں۔ ان کے مطابق پاکستان کی فضائی سرحدوں کے دفاع میں پاک فضائیہ کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 7 ستمبر 1965 پاک فضائیہ کی غیر معمولی شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کا تاریخی دن ہے۔ انہوں نے اسکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کارنامہ پاکستان کی عسکری تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہے۔

رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فضائیہ ملک کی فضائی خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر وقت مستعد ہے۔

Watch Live Public News