وزیراعظم کی طلبہ کی غذائی نشونما یقینی بنانے کیلئے مفت لنچ کا نظام فعال کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی طلبہ کی غذائی نشونما یقینی بنانے کیلئے مفت لنچ کا نظام فعال کرنے کی ہدایت

(ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں طلباء و طالبات کی غذائی نشو نما یقینی بنانے کے لیے مفت لنچ کا نظام فعال کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں سکولوں میں اصلاحات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔جس میں وزیراعظم  نے اسلام آباد میں تمام سرکاری سکولوں میں انفراسٹرکچر، نصاب، اساتذہ کی تربیت اور دیگر اصلاحات کے ہنگامی بنیادوں پر نفاذ کی ہدایت کی۔انہوں نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کو ایک مؤثر اور فعال ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت  بھی کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم  نے کہا کہ اسلام آباد کے سرکاری سکولوں میں انفراسٹرکچر کے تمام مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں، طلباء و طالبات کو سکولوں میں محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں طلباء و طالبات کی غذائی نشو نما یقینی بنانے کے لیے مفت لنچ کا نظام فعال کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم  نے وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال کو اسلام آباد میں سرکاری سکولوں کے مسائل ایک ہفتے میں حل کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ تمام سکولوں میں سمارٹ بورڈز جلد از جلد نصب کیے جائیں،وفاقی دارالحکومت میں سکولوں کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام وسائل فوری طور پر بروئے کار لائے جائیں، اسلام آباد کے سرکاری سکولوں کے اساتذہ تعلیم و تدریس کے علاوہ کسی اور سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گے۔

انہوں نے سرکاری سکول بسوں کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم  نے طلباء و طالبات کے نقل و حمل کے لیے سرکاری بسوں کی آوٹ سورسنگ اور تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی ہدایت بھی کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی بھرتیاں صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں۔انہوں نے سرکاری سکولوں میں سولرائزیشن کو فروغ دینے کی ہدایت بھی کی۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جسمانی طور پر معذور طلباء و طالبات کے لیے تمام سرکاری سکولوں میں ریمپ قائم کیے جائیں،سرکاری سکولوں میں بہترین طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں۔

اجلاس میں وزیراعظم کی ستمبر 2026 کی ہدایت کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے سرکاری سکولوں میں نصاب، انفراسٹرکچر اور دیگر امور کے حوالے سے سروے رپورٹ پیش کی گئی۔

بریفنگ میں  بتایا گیا کہ اسلام آباد کے زیادہ تر سرکاری سکولوں میں انٹرنیٹ، پینے کا صاف پانی، کمپیوٹر لیبز اور دیگر بنیادی سہولیات موجود ہیں۔

اجلاس میں سروے میں شامل کچھ سکولوں کے انفراسٹرکچر کے مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں کہاگیا کہ سرکاری سکولوں میں ہیڈ ٹیچرز کو با اختیار بنانے کی اور جدت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،پورے اسلام آباد میں سرکاری سکولوں کے طلباء و طالبات کے نقل و حمل کے لیے 278 سرکاری بسیں چل رہی ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، عطاء اللہ تارڑ، خالد مقبول صدیقی، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

Watch Live Public News