ویب ڈیسک: یومِ فضائیہ کے موقع پر پاکستان ایئر فورس نے نیا ملی نغمہ جاری کر دیا، جس میں وطن کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اور لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
ملی نغمے کے بول وطن سے محبت اور پاکستان کی مٹی سے گہری وابستگی کی عکاسی کرتے ہیں، جبکہ پاک فضائیہ کے جوانوں کے عزم، حوصلے اور جذبۂ حب الوطنی کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
نغمے میں فضائی حدود کے تحفظ کے لیے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دفاعی مہارتوں کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے، جبکہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو بھی سلام پیش کیا گیا ہے۔
ملی نغمے کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ پاک فضائیہ کے شاہین مادرِ وطن کی فضائی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار اور ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔