(ویب ڈیسک ) برطانیہ بھر کے ہوائی اڈوں پر ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں اچانک پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کے باعث شدید بحران پیدا ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں منگل کے روز تقریباً 300 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور ہزاروں مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فنی خرابی نے برطانیہ کے سب سے بڑے اور مصروف ترین ہوائی اڈوں کے فضائی آپریشن کو بری طرح مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔خرابی کے باعث ملک بھر میں اب تک قریباً 300 پروازیں کینسل کی جا چکی ہیں، جس سے برطانیہ آنے والی اور یہاں سے دیگر ممالک روانہ ہونے والی دونوں قسم کی پروازیں یکساں طور پر متاثر ہوئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دارالحکومت لندن کے معروف اور مصروف ترین ہوائی اڈوں ہیتھرو اور گیٹوک سمیت مانچسٹر اور مڈلینڈز کے ہوائی اڈوں پر بھی فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔
برطانیہ کی وزیر ٹرانسپورٹ ہائیڈی الیگزینڈر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اپنے بیان میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انجینئرز اور تکنیکی عملے نے خرابی کی وجہ تلاش کر لی ہے اور سسٹم کو فوری طور پر بحال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔