وزیر اعظم کی ایرانی صدر سے ملاقات،خطے کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم کی ایرانی صدر سے ملاقات،خطے کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال

(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے طویل عرصے سے جاری تنازع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی آج نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر   ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، معاون خصوصی طارق فاطمی اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے طویل عرصے سے جاری تنازع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔

 وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمت پر عملدرآمد جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مخلصانہ اور تعمیری کردار ادا کرنے کی آمادگی کا اعادہ کیا۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایران کے لیے پاکستان کی اصولی سفارت کاری اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی مشترکہ کوششوں کو سراہا۔

  ایرانی صدر نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کی دیرینہ مضبوطی پر بھی زور دیا جو مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہبی وابستگیوں پر استوار ہیں، اور مختلف شعبوں میں کثیرالجہتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ایران کی مضبوط خواہش کا اعادہ کیا۔

دونوں جانب سے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے اور ابھرتے ہوئے مواقع سے استفادہ کرنے کے لیے باقاعدہ مشاورت اور قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

Watch Live Public News