(ویب ڈیسک) ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے جوہری پروگرام اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر دوٹوک بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنے افزودہ یورینیم کے ایک ذرے کو بھی ملک سے باہر منتقل کرنے کی قطعی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر امریکا نے ایران پر دوبارہ جارحیت کی غلطی کی تو اسے بدترین جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں محسن رضائی نے کہا کہ ایران اپنے جوہری اثاثوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ملک میں موجود افزودہ یورینیم کے ایک ذرے کو بھی بیرونِ ملک منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عرب میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے زور دیا کہ خطے میں تمام محاذوں پر جنگ کا فوری اور مکمل خاتمہ ایران کی بنیادی شرائط میں سرِفہرست ہے۔
انہوں نے امریکا کو سخت ترین الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر واشنگٹن نے ایران پر دوبارہ حملہ کرنے کی کوشش کی تو اس کا بھرپور اور تباہ کن جواب دیا جائے گا۔
محسن رضائی کے مطابق، نئے امریکی حملے کی صورت میں صرف مشرقِ وسطیٰ میں قائم امریکی فوجی اڈے ہی نشانے پر نہیں ہوں گے، بلکہ خطے سے باہر امریکا کی دور دراز فوجی تنصیبات بھی ایرانی میزائلوں اور حملوں کی زد سے محفوظ نہیں رہیں گی۔