(ویب ڈیسک)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) نے ملک بھر میں ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ' ٹک ٹاک' (TikTok) پر مبینہ پابندی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو مکمل طور پر جعلی اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے واضح تردید جاری کر دی ہے۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ایک جعلی اور من گھڑت نوٹیفکیشن تیزی سے وائرل کیا جا رہا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اتھارٹی نے دوٹوک وضاحت کی ہے کہ پی ٹی اے کی جانب سے ایسی کوئی ہدایت یا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، اور یہ افواہیں سراسر من گھڑت اور حقائق کے برعکس ہیں۔
ریگولیٹری ادارے نے تمام شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ انٹرنیٹ پر گردش کرنے والی ایسی غیر مصدقہ خبروں اور دستاویزات پر نہ تو یقین کریں اور نہ ہی انہیں آگے پھیلانے کا سبب بنیں۔
پی ٹی اے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ ٹیلی کام، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ایپس سے متعلق کسی بھی فیصلے کی درست اور مصدقہ معلومات صرف ادارے کی باضابطہ ویب سائٹ اور تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ہی حاصل کی جائیں۔