(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی صاحبزادی اور قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کی نواسی ماہ نور صفدر کے معروف صنعتکار جبار خالد کے بیٹے اذان جبار سے نکاح کی دلکش تصاویر اور ویڈیوز سامنے آ گئی ہیں، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
ماہ نور صفدر کے نکاح کی باوقار تقریب جاتی امراء لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں شریف خاندان کے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔ تقریب کو خاندانی نوعیت کا رکھتے ہوئے محدود رکھا گیا، تاہم نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، حسن نواز، حسین نواز، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور مریم اورنگزیب سمیت اہم خاندانی شخصیات کی شرکت کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ماہ نور صفدر کا نکاح چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مفتی راغب حسین نعیمی نے پڑھایا۔
ماہ نور صفدر نے اپنی زندگی کے اس یادگار اور خاص دن کے لیے معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنر ندا اعور کا تیار کردہ پرکشش لباس زیب تن کیا۔

انہوں نے ہیرے کے نفیس زیورات کے ساتھ ہلکا آئیوری اور گلابی میک اپ منتخب کیا، جبکہ ان کے بال نیم کھلے انداز میں بنے ہوئے تھے۔

ماہ نور صفدر کی حال ہی میں گریجویشن مکمل ہوئی تھی جس کے بعد ان کی شادی کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ ان کے شوہر اذان جبار معروف صنعتکار جبار خالد کے صاحبزادے ہیں۔ دستیاب معلومات کے مطابق دونوں نے لندن کی معروف ایس او اے ایس (SOAS) یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے۔
نکاح کی دلکش تصاویر اور ویڈیوز منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین، چاہنے والوں اور سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے ماہ نور صفدر اور ان کے شوہر اذان جبار کو ازدواجی زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر مبارکبادیں دینے کا سلسلہ جاری ہے۔