ویب ڈیسک: پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو پر قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ اجازت کے بغیر چھوڑنے پر 30 روزہ پابندی اور 255 یورو جرمانہ عائد کردیا گیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق پرتگالی فٹبال فیڈریشن کی ڈسپلنری کونسل نے رونالڈو کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سزا کا اعلان کیا۔
رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے ٹیم میں اپنے کردار پر کوچ سے اختلاف کے بعد تربیتی کیمپ چھوڑ دیا تھا۔ کوچ نے رونالڈو سے کسی وعدے کی تردید کی تھی۔
فیڈریشن کے مطابق رونالڈو نے ڈسپلنری قوانین کی خلاف ورزی کی۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ 30 روزہ پابندی کے دوران وہ کن میچز یا ٹیم کی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
رونالڈو نے بعد ازاں اپنے رویے پر معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سزا مکمل ہونے کے بعد وہ قومی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے۔