ویب ڈیسک: پاکستان نے نوجوان بیٹر معاذ صداقت کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اپنی سرزمین پر سب سے بڑا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اسکور بنا دیا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں معاذ صداقت اپنی پہلی بین الاقوامی سنچری سے صرف 4 رنز دور رہ گئے۔ انہوں نے 51 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے۔ اس سے قبل پاکستان کا ہوم گراؤنڈ پر سب سے بڑا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اسکور 208 رنز تھا، جو اس نے 2021 میں کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھا۔
پاکستان کا مجموعی طور پر سب سے بڑا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اسکور 232 رنز ہے، جو قومی ٹیم نے 2021 میں ناٹنگھم میں انگلینڈ کے خلاف بنایا تھا۔
معاذ صداقت نے کپتان صاحبزادہ فرحان کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت قائم کی۔ صاحبزادہ فرحان نے 44 گیندوں پر 73 رنز اسکور کیے۔
اپنا دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والے معاذ صداقت نے ڈیبیو میچ میں بھی نصف سنچری بنائی تھی۔