ویب ڈیسک: آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹرز کی نئی رینکنگ جاری کردی، قومی ٹیم کے نوجوان بیٹر حسن نواز نے 62 درجے ترقی کرکے ٹاپ 50 میں جگہ بنا لی۔
آئی سی سی کی تازہ ٹی ٹوئنٹی بیٹرز رینکنگ میں حسن نواز 49ویں نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ صائم ایوب ایک درجے بہتری کے بعد 38ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
رینکنگ میں بھارت کے ایشان کشن اور ابھیشیک شرما بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان صاحبزادہ فرحان تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
انگلینڈ کے ہیری بروک اور جوز بٹلر بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔ بھارت کے شریاش ایئر 18 درجے ترقی کرکے ساتویں نمبر پر آگئے، جبکہ تلک ورما ایک درجے تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر چلے گئے۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان نے پاکستانی اسپنر ابرار احمد کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ ابرار احمد دوسرے اور آسٹریلیا کے ایڈم زمپا تیسرے نمبر پر ہیں۔
آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں زمبابوے کے سکندر رضا پہلے، پاکستان کے صائم ایوب دوسرے اور انگلینڈ کے ول جیکس تیسرے نمبر پر ہیں۔