ویب ڈسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے انچارج الیکشن سیل سینیٹر تاج حیدر نے خط میں چیف جسٹس کی توجہ ملک بھر میں انٹرنیٹ و موبائیل فون سروس کی بندش کی جانب مبذول کرایا ہے۔
سینیٹر تاج حیدر کا کہنا ہے کہ پی پی پی کو غیراعلانیہ انٹرنیٹ و موبائیل فون سروس کی بندش پر انتہائی تشویش ہے، ملک بھر میں جاری انٹرنیٹ و موبائیل فون سروس کی بندش سے انتخابی عمل متاثر ہوا ہے، ووٹرز کو اپنی پولنگ اسٹیشن کی نشاندھی اور وہاں تک پہنچنے کے حوالے سے مشکلات کا بھی سامنا ہے۔
پی پی سینیٹر کا کہنا ہے کہ پولنگ کے دن انٹرنیٹ و موبائیل فون سروس کی بندش کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کا 2018ع کے احکامات موجود ہیں، انٹرنیٹ و موبائیل فون سروس کی بندش ووٹرز، امیدواروں اور الیکشن عملہ کے لیے مشکلات کا باعث بنی ہے، امن و امان کے حوالے سے بھی انٹرنیٹ و موبائیل فون سروس کی بندش رکاوٹوں کی موجب بنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرپورخاص میں ہمارے ایک کارکن کو قتل کردیا گیا، ہمیں واقعے کا علم ایک گھنٹے کے بعد ہوا، پی پی پی اور دیگر جماعتوں کا اپنے ووٹرز و امیدواروں سے رابطہ اور پولنگ کے دن مانیٹرنگ کے لیئے انٹرنیٹ اور فون پر انحصار تھا، مسلم لیگ (ن) کے علاوہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے میڈیا پر اِس حوالے سے شدید تحفظات کا اظہاربھی کیا ہے۔
سینیٹر تاج حیدر نے چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جناب چیف جسٹس صاحب، اس معاملے پر توجہ دیں اور احکامات جاری کریں۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، امن و امان قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔